ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کاکنٹریکٹ سکول گارڈزکی سروس فوری ختم کرنےکا حکم

11
جہلم: ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کنٹریکٹ پر تعینات سکول گارڈز کی سروس فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ مراسلے کے مطابق سال 2015 کی پالیسی کے تحت بھرتی کیے گئے سکول گارڈز کے کنٹریکٹ میں مزید توسیع کو ناممکن قرار دے دیا گیا ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ جہلم سمیت صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں کنٹریکٹ پر تعینات سکول گارڈز کی خدمات فوری طور پر ختم کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس فیصلے پر عملدرآمد کے بعد تعمیلی سرٹیفکیٹ بھی بروقت جمع کروایا جائے۔
ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ کنٹریکٹ سکول گارڈز سے متعلق اس فیصلے پر بلا تاخیر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی سستی، کوتاہی یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ مراسلے میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ تمام اضلاع اس فیصلے کی مکمل رپورٹ مقررہ وقت کے اندر محکمہ کو ارسال کریں۔
اس فیصلے کے بعد کنٹریکٹ سکول گارڈز میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ تعلیمی حلقوں میں اس اقدام کو پالیسی معاملات سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب محکمہ تعلیم کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ پالیسی کے مطابق کیا گیا ہے اور اس پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔



