جہلم: جی ٹی روڈ کو موٹروے کے معیار پر اپ گریڈ کرنے کی جائے، سرفراز ملک

جہلم : سرفراز ملک کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ کو موٹروے کے معیار پر اپ گریڈ کرنے کی جائے۔
برٹش کونسل کے گولڈ پارٹنر اور ایوارڈز ہولڈر ادارے ایس ایل ایس کے منیجنگ ڈائریکٹر سرفراز ملک نے کہا کہ مسافروں اور شہریوں نے متعلقہ ادارے اور وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ جی ٹی روڈ کو موٹروے کے معیار اور بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر وے بننے کے باوجود اس روڈ کی اہمیت کم نہیں ہوتی۔ اس کو بہتر کرنے سے بین الاقوامی سیاحوں اور اس راستے پر سفر کرنے والے مسافروں پر پاکستان کا مثبت تاثر پڑے گا۔ مزید برآں یہ اقدام بار بار ہونے والے حادثات کی روک تھام میں مدد دیں گے، جو قیمتی جانوں کے ضیاع اور معذوری کا سبب بن رہے ہیں۔
سرفراز ملک نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر ٹول پلازہ کی فیس گزشتہ سات ماہ میں تین مرتبہ بڑھائی گئی ہے جو 30 روپے سے 60 روپے تک جا پہنچی ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی مختصر مدت میں سب سے زیادہ اضافہ ہے جو کہ 100 فیصد اضافے کے ساتھ ریونیو ٹارگٹ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی جی ٹی روڈ جو پاکستان کو بھارت، افغانستان اور بین الاقوامی راستوں سے جوڑتی ہے، انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے۔ جی ٹی روڈ کی حالت مقامی دیہی سڑکوں سے بھی بدتر ہو چکی ہے، جگہ جگہ گڑھے اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث حادثات روزمرہ کا معمول بن گئے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
سرفراز ملک نے مزید کہا کہ جب بھی کوئی لانگ مارچ یا احتجاج ہوتا ہے، پلوں پر لگے حفاظتی جنگلے توڑ دیے جاتے ہیں اور انہیں ٹھیک کرنے میں مہینوں لگ جاتے ہیں۔ نومبر 2024 کے حالیہ لانگ مارچ کے دوران کئی پلوں کے حفاظتی جنگلے نقصان کا شکار ہوئے، جو تاحال مرمت کے منتظر ہیں۔



