جہلم کے مشہور رکشہ ڈرائیور قتل کیس کا فیصلہ، مجرم بابر شاہ کو عمر قید کی سزا، خاتون سمیت 2 ملزمان بری

جہلم میں رکشہ ڈرائیور کو قتل کرنے والے مجرم بابر شاہ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی، عدالت نے خاتون سمیت دو افراد کو بری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جہلم فیاض الحسن نے مشہور وسیم رکشہ ڈرائیور قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم بابر حسین شیرازی کو عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر دو ملزمان، مقتول کی بیوی میمونہ اور ایک اور شخص رضوان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے باعزت بری کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ 8 فروری 2023 کو پیش آیا، جب مقتول وسیم رکشہ ڈرائیور اپنی فیملی کے ہمراہ سرائے عالمگیر سے جہلم آ رہا تھا۔ راستے میں تھانہ سٹی کے علاقے پرانے ریلوے پل کے قریب ملزم بابر حسین شیرازی نے وسیم پر فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
@jhelumupdates جہلم میں عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates
اندھے قتل کی اس واردات کو سب انسپکٹر راجہ عمران اور ان کی ٹیم نے چند ہفتوں میں کامیابی سے ٹریس کرلیا۔ پولیس نے ٹھوس شواہد اکٹھے کیے اور مکمل چالان عدالت میں جمع کروایا، جس کے بعد کیس کی مؤثر پیروی کی گئی۔ عدالت نے پولیس کی تفتیش اور پراسیکیوشن کے دلائل کو تسلیم کرتے ہوئے مرکزی ملزم بابر حسین شیرازی کو سخت سزا سنائی۔
ادھر مدعیہ مقدمہ کی جانب سے عدالت سے بری ہونے والے دو ملزمان میمونہ اور رضوان کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مذکورہ مقدمہ تھانہ سٹی جہلم میں قتل کے مقدمہ نمبر 63/23 بجرم دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا تھا، جس کا فیصلہ اب سنایا جا چکا ہے۔ پولیس کی بروقت کارروائی اور عدالت کی جانب سے دیا گیا فیصلہ انصاف کی فراہمی کی ایک اہم مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



