فوڈ سیفٹی کا غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ، 91 کلو مضر صحت پائے برآمد کر کے تلف

جہلم میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مار کر 91 کلو مضر صحت پائے برآمد کر کے تلف کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ملاوٹ سے پاک پنجاب اور صحت دوست ویژن کے تحت ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے احکامات کی روشنی میں ضلع جہلم میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جہلم شہر کے علاقے کالا گجراں میں ویٹرنری ڈاکٹر کی سربراہی میں ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران فریزر میں چھپا کر رکھے گئے زنگ آلود، ناقص اور مضر صحت بڑے جانوروں کے 91 کلو گرام پائے برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے یہ پائے آنے والی عیدالفطر کے موقع پر شہر کے مختلف ہوٹلوں اور دکانوں کو سپلائی کیے جانے تھے جہاں انہیں مختلف کھانوں کے نام پر تیار کر کے شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جانا تھا۔
فوڈ سیفٹی حکام کا کہنا ہے کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملاوٹ یا غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک یا غیر معیاری خوراک کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔



