عدالت نے فواد چوہدری کے خلاف مقدمے کا چالان طلب کرلیا

دینہ:راولپنڈی کی انسداد بدعنوانی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف دینہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے رشوت وصولی کے کیس کا چالان طلب کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت میں فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت جج علی نواز بکھر نے کی، فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو آئندہ سماعت پر کیس کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی، اس کے علاوہ عدالت نے فواد چوہدری کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔
دوسری جانب 9 مئی کو راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں فواد چوہدری لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل نے عبوری ضمانت میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔
یاد رہے کہ فواد چوہدری پر جہلم کی تحصیل دینہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے مبینہ رشوت وصولی کا الزام ہے، 11 دسمبر کو راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت نے 35 لاکھ روپے کے بدعنوانی کیس میں فواد چوہدری کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔



