جہلم میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، آلائشوں اور چربی سے تیل بنانے والا نیٹ ورک بے نقاب، ملزمان گرفتار

جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے خفیہ اطلاع پر کالا گجراں کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے آلائشوں اور جانوروں کی چربی سے غیر قانونی طور پر تیل تیار کرنے والے ایک بڑے نیٹ ورک کو پکڑ لیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کے مطابق کارروائی کے دوران ایک حویلی میں قائم غیر قانونی یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں جانوروں کی آلائشوں اور چربی سے تیل تیار کیا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران موقع سے 800 کلوگرام بدبودار اور کیڑا لگی جانوروں کی آلائشیں برآمد کی گئیں، جنہیں فوری طور پر ڈمپنگ سائٹ پر تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 480 کلوگرام چربی سے تیار کردہ تیل بھی قبضے میں لے کر ضبط کر لیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ملزمان عیدالاضحیٰ کے بعد جمع ہونے والی آلائشوں اور چربی کو استعمال کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضرِ صحت تیل تیار کر رہے تھے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے موقع پر موجود ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تھانہ کالا گجراں میں مقدمہ درج کروا دیا ہے، جبکہ ضبط شدہ تیل کو بھی تلف کرنے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے بعد بعض عناصر غیر قانونی طور پر آلائشوں اور جانوروں کی چربی سے تیل تیار کرنے کا دھندہ شروع کر دیتے ہیں، جس کے خلاف پنجاب بھر میں خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت، مشکوک سرگرمی یا غیر قانونی فوڈ یونٹ کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور مضرِ صحت خوراک تیار یا فروخت کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



