ادویات کی فراہمی میں کسی بھی سطح پر رکاوٹ یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ادویات کی عدم فراہمی کی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال کی فارمیسی کا دورہ کیا اور مریضوں سے براہ راست ادویات کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر شکیل اور ہسپتال انتظامیہ کے دیگر افسران کے ہمراہ فارمیسی میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ادویات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شہریوں کی جانب سے شکایات سامنے آئیں کہ ہسپتال میں دستیاب ادویات کی بجائے انہیں باہر سے مہنگی ادویات خریدنی پڑتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ان شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جو ادویات ہسپتال میں دستیاب ہیں، وہ ہر صورت میں مریضوں کو فراہم کی جائیں۔ مزید برآں انہوں نے ہدایت دی کہ جو ادویات ہسپتال میں موجود نہیں، ان کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جائے اور ان کی ڈیمانڈ ترجیحی بنیادوں پر بھیجی جائے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ مریضوں کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے گا اور ادویات کی فراہمی میں کسی بھی سطح پر رکاوٹ یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔



