عید پر جہلم سمیت پنجاب کی جیلوں میں لواحقین کی قیدیوں سے خصوصی ملاقات کی اجازت

جہلم: عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو اپنے قریبی لواحقین سے خصوصی ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر نے اس سلسلے میں تمام سپرنٹینڈنٹس کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ قیدیوں، حوالاتیوں، خواتین اور نو عمر اسیران کو عید کے پہلے اور دوسرے روز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ملاقات کی سہولت دی جائے۔
خصوصی ملاقات صرف والدین، بہن/بھائی، بیٹے/بیٹی اور بیوی سے کرائی جائے گی جبکہ دیگر رشتہ داروں یا دوست احباب سے ملاقات کی اجازت نہیں ہو گی۔ ملاقاتیں صرف انٹرویو شیڈ میں ہوں گی، جیل کے اندرونی حصوں یا ڈیوڑھی میں اجازت نہیں دی جائے گی۔
قیدیوں کے لواحقین سے کھانا وصول کرنے کے لیے باقاعدہ تلاشی کے بعد سپیشل ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی، تاکہ کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔ بدعنوانی کے امکانات کے خاتمے کے لیے سپرنٹینڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اور دیگر افسران ملاقات شیڈ اور انتظار گاہ کا دورہ کریں گے اور شکایات موقع پر ہی حل کی جائیں گی۔
آئی جی جیل خانہ جات نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ عید کے موقع پر قیدیوں کے لیے گوشت فراہم کر کے ڈنر کا بندوبست کریں۔ تمام ملاقاتوں کی نگرانی سنٹرل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کی جائے گی اور کسی بھی بے ضابطگی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔



