عیدالفطر پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے خصوصی اسکواڈز تشکیل

جہلم: ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی ہدایت پر عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں غیر قانونی اضافے کی روک تھام کے لیے خصوصی اسکواڈز تشکیل دے دیے گئے ہیں جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے دفتر میں شکایتی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر/ قائم مقام آر ٹی اے سیکرٹری نے سخت احکامات جاری کیے ہیں کہ کسی بھی ٹرانسپورٹ گاڑی کو فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے بغیر کسی بھی اڈے سے چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تمام ٹرانسپورٹرز کو مقررہ کرایہ وصول کرنے کا پابند بنایا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ مسافروں کی گنجائش سے زائد لوڈنگ پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، بصورت دیگر متعلقہ گاڑیوں کو بند کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر/ سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا کہ عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے انسپکٹر سید رضا موٹر وہیکل ایگزامنر کو تعینات کیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں خصوصی اسکواڈز بھی تشکیل دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ کرایہ میں اضافے، زائد مسافروں کی لوڈنگ یا دیگر کسی بھی خلاف ورزی کا سامنا کریں تو فوری طور پر متعلقہ افسران کو مطلع کریں تاکہ مؤثر کارروائی کی جا سکے اور عوام کو سفری سہولیات میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔



