عیدالفطر پر شہریوں نے سیر سپاٹوں کیلئے پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کیا

جہلم: عیدالفطر پر خواتین اور بچوں سمیت بزرگوں نے بھی سیر سپاٹوں کیلئے پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کیا۔
الطاف پارک اور کمپنی پارک کے غیر فعال ہونے کے باعث بچوں نے فیملیز کے ہمراہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجود پارک کا رخ کیا، جبکہ قلعہ روہتاس تفریحی مقام پر بچوں کی موج مستیوں نے عید کا مزہ دوبالا کئے رکھا۔
بچوں کا کہنا تھا کہ عید پرمفت تفریح کے لئے بنائے جانے والے پارک فیملی پارک اور الطاف پارک غیر فعال ہونے کیوجہ سے مفت میں جھولے و سیر سیاحت کا موقع فراہم نہ ہو سکا جس کیوجہ سے بچوں کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم چڑیا گھرمیں اپنے پسندیدہ جانوروں کو دیکھنے کا موقع ملا۔
بچوں نے عید پر عیدی جمع کی اور سیر سپاٹے کرنے کے لئے شہرسے باہر موجود مختلف پارکوں جن میں ماڈرن بازار، کینٹ گارڈن اورنجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا رخ کیا۔ سیر کے دوران بچے پرندوں اورجانوروں کے ساتھ تصاویر بناتے رہے اور الیکٹرک جھولوں سمیت مینول جھولے جھولتے رہے ، جبکہ دن اور شام کے اوقات میں مزے مزے کے چٹ پٹے کھابوں پر خوب ہاتھ صاف کیے۔
شہر میں چونکہ کوئی تفریح پارک موجود نہیں جس کیوجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی اور ماڈرن بازار کا رخ کیا جہاں ، بچوں ،بچیوں، خواتین اور شہریوں نے عید کی تعطیلات خوب انجوائے کی اور سارا دن پارکوں اور تفریح مقامات پر گھومتے پھرتے رہے جبکہ فیملیوں کی بڑی تعداد گھر وں سے کھاناتیار کرکے کھلی جگہوں پر انجوائے کرتے بھی نظر آئے، بچوں نے رنگ برنگے کپڑے زیب تن کیے ہوئے تھے اور ان کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔
پارکوں میں بچے جھولے لینے میں مصروف رہے۔ ہر کوئی اپنی باری کا انتظار کرتا رہا۔ بچوں نے اپنی عیدی سے خوب مزے مزے کی چیزیں بھی کھائیں۔بچوں کیساتھ بڑے بھی موج مستی میں شریک رہے۔ بچوں نے عید کی چھٹیوں اور خوشگوار موسم میں بھرپور انجوائے کیا۔
دوسری جانب پارکوں میں سیکورٹی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کیوجہ سے بگڑے گھروں کے رئیس زادے ہلڑ بازی کرتے ، موٹر سائیکلوں کے سلنسر نکال کر شورشرابا کرتے دکھائی دیئے ، پارک انتظامیہ نے اوباش لڑکوں کو پارکوں کے اندر جانے سے روکنے کے لئے کسی قسم کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہ کئے جس کیوجہ سے فیملیز کے ہمراہ جانے والے افراد پریشان اور گلے شکوے کرتے دکھائی دیئے۔
شہریوں نے متعلقہ پارکس مالکان کو عید سمیت دیگر تقریبات کے موقع پر اوباش لڑکوں کو پارک کے اندر داخلے سے منع کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔



