جہلم کے علاقے سعیلہ میں فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، مضر صحت گوشت برآمد

جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تھانہ صدر کے علاقے سعیلہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔ یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں ایک مشتبہ حویلی سے لاغر اور نیم مردہ جانور کا گوشت برآمد ہوا۔
نامعلوم قصاب مضر صحت گوشت تیار کرکے فروخت کی تیاری میں مصروف تھے کہ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے چھاپہ مارا۔ قصاب ٹیم کو دیکھتے ہی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تاہم فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی آفیسر کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 452/25 فوڈ سیفٹی ایکٹ 2011 کی دفعات 22(A)، 24 اور 28 کے تحت درج کرلیا۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں مضر صحت گوشت فروخت کرنے کی شکایات عام تھیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
شہریوں نے فوڈ اتھارٹی کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوسکیں۔



