پنڈدادنخان میں غیر قانونی پیٹرول و گیس ریفلنگ کا دھندہ کرنے والا گرفتار

پنڈدادنخان : جلالپور شریف پولیس نے غیر قانونی پیٹرول فروخت کرنے اور غیر قانونی گیس ریفلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم سے بھاری مقدار میں غیر قانونی پیٹرول برآمد کر کے گیس ریفلنگ اسٹیشن کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی دھندے میں ملوث ملزم کو دھر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم بغیر کسی قانونی اجازت کے پیٹرول فروخت اور گیس ریفلنگ کا خطرناک کاروبار کر رہا تھا جس سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران موقع سے غیر قانونی پیٹرول برآمد کرتے ہوئے گیس ریفلنگ کا تمام سامان قبضہ میں لے لیا جبکہ ملزم کے خلاف تھانہ جلالپور شریف میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی اور ضلع بھر میں قانون شکن عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔



