دینہ میں تیز رفتار کار کی ستھرا پنجاب کی گاڑی کو ٹکر، 2 ملازم شدید زخمی

دینہ میں جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار نے ستھرا پنجاب کی گاڑی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو ملازمین شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں الکوثر گارڈن کے یوٹرن کے قریب کھوکھا جانے والی ستھرا پنجاب کی گاڑی نمبر LEI-920 کو پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کار نمبر IDJ-5788 نے زور دار ٹکر ماری۔
حادثے کے نتیجے میں ستھرا پنجاب کی گاڑی قلابازیاں کھاتی ہوئی جی ٹی روڈ پر الٹ گئی، جس سے گاڑی میں سوار دو ملازمین محمد بلال ولد شفقت سکنہ قائداعظم ٹاؤن دینہ اور سندھیر سکنہ دینہ شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشاد تونیو، میونسپل کمیٹی دینہ کے سینیٹری انسپکٹر محمد امجد، ستھرا پنجاب کے سپروائزر ریحان انصاری اور کامران مرزا بھی ہسپتال پہنچ گئے اور زخمی ملازمین کی خیریت دریافت کی۔
پولیس تھانہ دینہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کار ڈرائیور کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔



