رمضان کے پہلے ہفتے میں گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن، 57 دکانیں سیل اور 72 افراد کو گرفتار کیا گیا، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ یکم سے 7 رمضان تک گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ اس دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 9 ہزار 746 مقامات پر انسپکشنز کیں، جس کے نتیجے میں 411 افراد پر 14 لاکھ 59 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے میڈیا نمائندگان کو رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنگین خلاف ورزیوں پر 2 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 57 دکانیں سیل کی گئیں اور 72 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 2 ہزار 398 دکانداروں کو تنبیہ جاری کی گئی تاکہ مصنوعی مہنگائی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
نگہبان رمضان کارڈز اور دسترخوانوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے میر رضا اوزگن نے بتایا کہ ضلع کے لیے مختص 20 ہزار 256 نگہبان رمضان کارڈز میں سے 16 ہزار 407 کارڈز موصول ہو چکے ہیں، جبکہ 9 ہزار 285 خاندان اپنی رقوم نکلوا چکے ہیں۔ باقی 3 ہزار 733 کارڈز کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں 10 نگہبان رمضان دسترخوان فعال ہیں، جن میں سے 4 جہلم شہر جبکہ باقی تحصیلوں میں 2، 2 دسترخوان قائم کیے گئے ہیں، جہاں مستحق افراد کو باوقار انداز میں افطار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے نگہبان رمضان سہولت بازار جہلم کے حوالے سے خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ بازار میں شہریوں کی سہولت کے لیے 22 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں جہاں اشیائے خوردونوش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سہولت بازار میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کے ساتھ ساتھ اشیاء کی کوالٹی اور قیمتوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے عزم دہرایا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک میں شہریوں کو براہِ راست اور مؤثر ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔



