بیرون ملک رہتے ہوئےسیاسی وابستگی کوپاکستان چھوڑآئیں، چوہدری شہباز حسین

ریاض: میں نے بہت سیاست کی اور آج اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بیرون ملک رہتے ہوئے سیاسی وابستگی کو پاکستان چھوڑ آئیں اور بیرون ملک صرف پاکستان کیلئے کام کریں۔

یہ بات سعودی عرب میں عرصہ دراز سے مقیم جہلم کے سیاسی خانوادے کے چشم و چراغ سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین کہی۔ چوہدری شہباز حسین سعودی عرب کے شہروں جدہ، ریاض، دمام اور دیگر شہروں میں شہرت کے حامل ہیں اور کمیونٹی میں مقبول ہیں۔

گزشتہ دنوں انکے قریبی دوست افضل مبشر چیمہ جو اپنے کاروبار کے سلسلے میں سعودی عرب میں آمد و رفت رکھتے ہیں انہوں نے چوہدری شہباز حسین کی سالگرہ کی تقریب منعقد کی اور جدہ میں انکے پرانے دوستوں اور کمیونٹی کے سرگرم افراد کو دعوت دی۔ اس تقریب میں میزبان نے تو آنے والوں کا شکریہ ادا کیا مگر وہاں جو تقریر چوہدری شہباز حسین نے کی وہ ہر شخص کے دل کی آواز تھی، تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے حامی موجود تھے۔

چوہدری شہباز حسین نے مہمانوں اور میزبا ن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بہت سیاست کی اور آج اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بیرون ملک رہتے ہوئے سیاسی وابستگی کو پاکستان چھوڑ آئیں اور بیرون ملک صرف پاکستان کیلئے کام کریں۔ اس وقت پاکستان کو اپنی عوام ملک سے وفادار اور متحد چاہئے۔ بیرون ملک سیاست سے کوئی فائدہ نہیں، یہاں میزبانوں کے سامنے شرمندگی ہی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب جیسے قریبی اور عزیز ملک کا ساتھی ہونے کے ناطے یہاں کے قوانین کا بھرپور احترام کریں، یہاں بیٹھ کر سیاست نے آپکو کچھ نہیں دینا۔ میرے مخاطب یہا ں موجود نئی نسل اور سیاست سے وابسطہ لوگ ہیں، سیاست سے وابسطہ پرانے لوگ اس بات کے حامی ہوں گے کہ بیرون ملک سیاست کرنے سے ہم تماشہ ہی بنیں گے۔

چوہدری شہباز نے کہا کہ میں صرف سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو ہی نہیں بلکہ کسی ملک میں بسنے والوں سے مخاطب ہوں کہ وہ اپنی اپنی جگہ صرف اور صرف پاکستان کی بہتری، نیک نامی اور ترقی کیلئے کام کریں۔

تقریب میں موجود تمام افراد نے چوہدری شہباز حسین کی تقریر کی تعریف تالیوں کی گونج میں کی۔ اس موقع پر تقریب میں موجود لوگوں نے چوہدری شہباز حسین کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے پھولوں کے بیشمار گلدستے پیش کئے۔ چوہدری شہباز نے میزبان اور کمیونٹی کے افراد کے ساتھ مل کر اوورسیز پاکستانی گلو بل فاؤنڈیشن سعودی عرب کے صدر خالد نواز چیمہ کی جانب سے لائے جانے والا کیک کاٹا اور افضل مبشر چیمہ کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔

یاد رہے کہ چوہدری شہباز حسین کے خاندان میں افتخار حسین چوہدری (مرحوم) سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور چوہدری الطاف حسین (مرحوم) سابق گورنر پنجاب رہے ہیں، انکے خاندان سے فواد چوہدری سابق وزیر اطلاعات رہے ہیں، انکا خاندان ہر انتخاب میں سیاسی جماعتوں کی نگاہوں کا مرکز رہا ہے۔

چوہدری شہباز حسین خود بھی پاکستان کے وفاقی وزیر خاندانی منصوبہ بندی رہے ہیں، جہلم میں ایک نامور او ر پراثر خاندان ہونے کے حوالے سے چوہدری شہباز حسین سعودی عرب میں پاکستان کمیونٹی کی دلعزیز شخصیت ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button