حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی بڑی عید پر مثالی خدمت، 1000 کلو گوشت سفید پوش خاندانوں میں تقسیم

جہلم: جہاں عید قرباں کے دن اکثر افراد خوشیوں میں مصروف ہوتے ہیں، وہیں حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی نے حسب روایت اس عید پر بھی خدمتِ خلق کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے سفید پوش خاندانوں کی دہلیز پر قربانی کا گوشت پہنچایا۔
صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ کے مطابق سوسائٹی نے سال کی مشکل ترین اور مصروف ترین گھڑی میں بھی عید قرباں کی اصل روح کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات جاری رکھیں۔ پہلے دن تقریباً 1000 کلو معیاری گوشت مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا گیا، ہر خاندان کو ایک سے دو کلو گوشت گرمی کی شدت اور وقت کی نزاکت کے پیش نظر بروقت ان کے گھروں تک پہنچایا گیا۔
ان علاقوں میں جنہیں خاص طور پر فوکس کیا گیا، ان میں کھنمبی، فاروق ٹاؤن، دندی بیسہ، ریلوے کالونی، پخوال، رہتاس روڈ، چتن، اندرون شہر، کریم پور، ڈومیلی اسٹیشن اور کشمیری مہاجرین کی بستی شامل ہیں۔ ان تمام علاقوں کے وہ خاندان جو مالی مجبوریوں کے باعث قربانی کا گوشت نہیں خرید سکتے، انہیں عزتِ نفس کے دائرے میں رہتے ہوئے یہ نعمت پہنچائی گئی۔
مزید برآں سول ڈیفنس آرگنائزیشن کے رضاکار بھی اس دن خدمات میں مصروف رہے اور انہوں نے اس نیکی کے کام میں عملی کردار ادا کیا۔
توصیف بیگ نے بتایا کہ یہ تمام کام سوسائٹی کے پاس موجود مستند ڈیٹا کی روشنی میں انجام دیا گیا تاکہ حقیقی طور پر ضرورت مند اور سفید پوش افراد تک مدد پہنچائی جا سکے۔
عید کے دن بھی "حمزہ کے دسترخوان” کو آباد رکھا گیا، جہاں ان محنت کشوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا جو کسی مجبوری کے باعث اپنے آبائی علاقوں کا رخ نہ کر سکے۔ علاوہ ازیں، ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی گارڈز کو بھی ان کے مقامات پر جا کر پکا ہوا قربانی کا گوشت پیش کیا گیا تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔
توصیف بیگ نے اپنے بیان میں کہا کہ "اللہ تعالیٰ یہ قربانیاں اور خدمات اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، آمین۔”
عوامی حلقوں نے حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تنظیمیں حقیقی طور پر معاشرے کے لیے امید کی کرن ہیں، جو عید جیسے خوشی کے موقع پر بھی ان لوگوں کو یاد رکھتی ہیں جن کے پاس وسائل نہیں۔



