شہید کانسٹیبل صداقت علی کی 30ویں برسی، پولیس کی جانب سے شاندار خراجِ عقیدت

جہلم: شہید کانسٹیبل صداقت علی کی 30ویں برسی کے موقع پر ان کی لحد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ڈی ایس پی صدر ندیم طارق نے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
شہید کانسٹیبل صداقت علی 30 سال قبل ایک پولیس مقابلے کے دوران اشتہاری مجرم تنویر احمد کی فائرنگ سے شہید ہو گئے تھے۔ ان کی قربانی کو یاد رکھنے اور شہداء کی خدمات کو سراہنے کے لیے جہلم پولیس کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی صدر ندیم طارق نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ کبھی خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ہر خوشی اور غم کی گھڑی میں آپ کو اپنے ساتھ پائیں گے۔
جہلم پولیس کا کہنا ہے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی عظیم قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ وہ ہمارے محسن ہیں، جنہوں نے اپنی بہادری اور شجاعت سے تاریخ رقم کی اور ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔
ڈی ایس پی صدر ندیم طارق نے مزید کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کا قرض ہم کبھی نہیں اتار سکتے۔ ان کے اہلخانہ اور بچے مجھے اپنی فیملی اور بچوں کی طرح عزیز ہیں۔
تقریب کے شرکاء نے بھی شہید کانسٹیبل صداقت علی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور ان کے اہلخانہ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔



