جعلسازی سے بھرتی ہونے والے ملازمین بدستور اپنے عہدوں پر کام کر رہے، انکوائریوں میں غیر معمولی تاخیر

جہلم: ضلع کے مختلف انتظامی محکموں میں جعلسازی سے بھرتی ہونے والے ملازمین بدستور اپنے عہدوں پر کام کر رہے ہیں، جبکہ ان کے خلاف جاری انکوائریوں میں غیر معمولی تاخیر برتی جا رہی ہے۔
اس تاخیر کا فائدہ اٹھا کر یہ ملازمین مختلف دفاتر میں کام کرتے ہوئے ماہانہ ہزاروں روپے تنخواہیں اور محکمانہ مراعات انجوائے کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ صحت، محکمہ بلڈنگ، محکمہ تعلیم، کالجز سمیت دیگر انتظامی اداروں میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ان بھرتیوں کی جانچ پڑتال کے لیے انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں، مگر جعلسازی سے بھرتی ہونے والے ملازمین اپنے سیاسی تعلقات اور پیسے کے اثر و رسوخ کے باعث ان کمیٹیوں پر مختلف حربوں سے اثر انداز ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور انکوائریوں میں تاخیر کا سلسلہ ختم کیا جائے تاکہ جعلسازی کے ذریعے بھرتی ہونے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔



