جہلم کی مرکزی سبزی منڈی میں بولی کا عمل بند، چھوٹے دکاندار اور شہری مشکلات کا شکار

جہلم کی مرکزی سبزی منڈی میں بولی کے عمل کی بندش نے چھوٹے دکانداروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جس کے اثرات براہِ راست عام شہری تک پہنچ رہے ہیں۔

جہلم شہر کے متعدد چھوٹے دکانداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے رمضان المبارک کے بعد سے باقاعدہ بولی کا عمل تقریباً معطل ہے، جس کے باعث منڈی میں شفافیت ختم اور استحصال میں اضافہ ہو گیا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ بولی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اشیائے خوردونوش مہنگے داموں خریدنا پڑتی ہیں، جبکہ عوام کی قوتِ خرید پہلے ہی کمزور ہو چکی ہے۔ ایسے حالات میں وہ سستی قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے سے قاصر ہیں، جس سے نہ صرف ان کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ عام صارف بھی مہنگائی کے بوجھ تلے دب رہا ہے۔

متاثرہ افراد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ شکایات کے باوجود مارکیٹ کمیٹی کے ذمہ داران تسلی بخش جواب دینے کے بجائے اپنی مجبوریوں کا جواز پیش کرتے ہیں، جس سے مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

چھوٹے دکانداروں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر شفاف بولی کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہو اور شہریوں کو سستے داموں معیاری پھل اور سبزیاں میسر آ سکیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ اب صرف ان تک محدود نہیں رہا بلکہ پورے شہر کا اجتماعی مسئلہ بن چکا ہے، جس کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button