چوہدری فرخ الطاف کی کاوشوں سے جہلم تا للِہ دورویہ سڑک منصوبہ 2026 میں مکمل ہو گا، ڈاکٹر فضل الحق

57
جہلم: ڈاکٹر فضل الحق فضلی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف کی خصوصی کوششوں اور کاوشوں سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے جہلم تا للِہ دورویہ سڑک کے منصوبے کا آغاز کروایا۔ الحمد للہ پنڈدادنخان تا للِہ دورویہ سڑک کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ حکومت کی طرف سے حلقے کے لیے درکار تمام فنڈز فراہم کیے گئے اور تمام ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
ڈاکٹر فضل الحق فضلی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے سال 2026 میں 128 کلو میٹر لمبی جہلم تا للہ دورویہ سڑک منصوبہ مکمل ہوگا، جس سے علاقے میں معاشی خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے اور کاروبار و نقل و حمل کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال بارشوں اور تباہ کن سیلاب نے ضلع جہلم کے متعدد علاقوں کو بری طرح متاثر کیا، جس کے نتیجے میں بے شمار سڑکیں، گلیاں، پل اور بجلی کا نظام تباہ ہوگئے۔ صورتِ حال کی سنگینی کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے ایک ارب روپے کے ایمرجنسی فنڈز جاری کیے، جن کے تحت بحالی اور تعمیرِ نو کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر فضل الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر جمہوری روایات کی پاسدار اور عوام کی حقیقی نمائندہ ثابت ہو رہی ہے۔ اسی دور حکومت میں پاک فوج نے سرحدوں پر شاندار کامیابیاں حاصل کیں، دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور ملک کا نام روشن کیا۔ سپہ سالار کی نگرانی میں افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر قوم کی حفاظت کرتے ہوئے عوام کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضلع جہلم کے عوام کو جلد بلدیاتی انتخابات کی خوشخبری ملے گی اور بہت جلد بلدیاتی ادارے بحال کیے جائیں گے تاکہ اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہو اور لوگ اپنے مسائل یونین کونسل کی سطح پر حل کر سکیں۔ ڈاکٹر فضل الحق نے یقین دلایا کہ موجودہ حکومت نہ صرف اپنا آئینی دورانیہ مکمل کرے گی بلکہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ بھی کامیابیاں حاصل کرے گی۔



