ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرجہلم کا رسول بیراج کا دورہ، ایس ڈی او رسول بیراج کی بریفنگ

جہلم/ پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنرجہلم سیدہ رملہ علی کا رسول بیراج کا دورہ، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات پر ایس ڈی او رسول بیراج نے بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے مون سون میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی معمول سے زیادہ بارش ہونے اور دریائے جہلم میں ممکنہ سیلابی خدشے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رسول بیراج کا دورہ کیا۔
ایس ڈی او رسول بیراج احمد رضا نے ڈپٹی کمشنر جہلم کو رسول بیراج کی کیپسٹی ، اہمیت اور زیادہ پانی آنے کی صورت میں حفاظتی انتظامات پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ منگلا ڈیم سے ساڑھے 8 لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے پر رسول بیراج کے حفاظتی بند کو کھولا جاتا ہے جس کےلئے باقاعدہ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ حفاظتی بند کو کھولنے کا مقصد منڈی بہاؤالدین اور ملحقہ علاقوں کو سیلاب سے بچانا اور بیراج پر پانی کا دباؤ کم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے بند کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بیراج کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت کی ۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



