للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کی تعمیر پنڈی سید پور گاؤں کے مکینوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی

پنڈ دادن خان: للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کی تعمیر پنڈی سید پور گاؤں کے مکینوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے سڑک کی غیر معمولی اونچائی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے دکانیں، رہائشی مکانات اور حتیٰ کہ ایک قدیم قبرستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ نکاسیِ آب کا ہے۔ بارش کے دنوں میں پانی کا بہاؤ رُکنے سے قوی امکان ہے کہ پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو جائے گا، جس سے شہریوں کی مشکلات کئی گنا بڑھ جائیں گی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر مؤثر ڈرینج سسٹم نصب نہ کیا گیا تو یہ منصوبہ سہولت کے بجائے ایک مستقل مصیبت ثابت ہو سکتا ہے۔

مقامی کمیونٹی نے حکام پر زور دیا ہے کہ منصوبے میں مضبوط پلیاں، زیرِ زمین ڈرین لائنز اور پانی کے اخراج کے لیے مناسب راستوں کو لازمی شامل کیا جائے تاکہ شہری کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر قبرستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو وہ سخت مزاحمت کریں گے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں نکاسیِ آب کا مسئلہ کئی برسوں سے چلا آرہا ہے، اور اب چونکہ سڑک کو غیر معمولی طور پر اونچا بنایا جا رہا ہے، اس مسئلے کا حل نہ کیا گیا تو خطرات مزید بڑھ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button