جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشن اور ناکہ بندی، 434 افراد کی چیکنگ، اسلحہ برآمد

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کا انعقاد کیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 13 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 434 افراد، 171 گھروں اور 19 ہوٹلوں و بس اسٹینڈز کی مکمل چیکنگ کی گئی۔
سرچ آپریشن کے دوران تھانہ پنڈ دادنخان کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشنز کا مقصد دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں حساس مقامات، رہائشی علاقوں، ہوٹلوں، سرائے اور دیگر اہم مقامات کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
ترجمان کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم یا ناخوشگوار واقعے کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پولیس نے شہریوں سے مزید کہا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
جہلم پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر اور قانون شکن افراد کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔



