صحافی معاشرتی اصلاح کا اہم ستون ہیں، مثبت تنقید اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ قابل تحسین ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ معاشرتی مسائل کی نشاندہی، عوامی آواز کی نمائندگی اور اصلاحی تجاویز کی فراہمی میں صحافیوں کا مثبت کردار قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کلب کے نائب صدر مرزا قدیر بیگ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ایک صحافتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں مختلف میڈیا ہاؤسز سے وابستہ صحافی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ مخلص، باصلاحیت اور میرٹ پر کام کرنے والے صحافی ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تنقید اگر اصلاح کے جذبے سے ہو تو وہ رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہے۔ ایسے صحافی جو میرٹ پر مبنی رپورٹنگ کرتے ہیں، ان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے دروازے تمام صحافیوں اور شہریوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ پروفیشنل صحافیوں کو درپیش مسائل فوری حل کیے جائیں۔

اس موقع پر صدر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن عامر کیانی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور انتظامیہ کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صحافیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مضبوط اور تعمیری رابطہ قائم رکھ کر صحافت کو عوامی فلاح و بہبود کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جسے صحافتی حلقوں نے انتظامیہ اور میڈیا کے درمیان اعتماد و تعاون کی مضبوطی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button