ضلع جہلم میں یوم آزادی کی مناسبت سے تیاریاں آخری مراحل میں داخل

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے تیاریاں آخری مراحل میں داخل، 14 اگست کو جشن آزادی دھوم دھام سے منایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے سلسلے میںبازاروں میں گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی۔ سٹالز پر بڑے جھنڈے، جھنڈیاں، سبز ہلالی رنگ کے ملبوسات اور زیبائشی سامان کی فروخت جاری ہیں۔ سٹالز پر بچوں کیلئے ماسک ، بیجز، گھڑیاں، پونیاں، کیچرز، چوڑیاں اور ٹوپیاں بھی فروخت کی جارہی ہیں ۔
یوم آزادی کے موقع پر ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس دن کو بھر پور جوش و جذبہ کیساتھ منایا جائے اس لئے محب وطن شہری تیاریوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ کسی کو گاڑی کیلئے جھنڈا چاہیے تو کوئی گھروں کے سجانے کے لئے جھنڈیاں اور جھنڈے خریدنے میں مصروف ہے ۔
بچے پاکستانی پرچموں اور قومی ہیروز کی تصاویر سے تیار کی گئیں شرٹس وغیرہ خرید تے دکھائی دیتے ہیں ، دوسری جانب خواتین اور بچیاں سبز رنگوں کے ملبوسات خریدرہی ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم اپنا قومی تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لئے پرعزم ہیں، مہنگائی کے باعث ہر چیز خریدنا ممکن نہیں لیکن جو ہماری دسترس میں ہے وہ خرید کر جشن آزادی ضرور منائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



