جہلم میں عیدالفطر قریب آتے ہی بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا

جہلم: رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے اختتام اور تیسرے عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی عیدالفطر کی آمد قریب آتے ہی جہلم شہر کے بازاروں اور مارکیٹوں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔ شہری بچوں اور بڑوں کے لیے عید کی خریداری میں مصروف دکھائی دینے لگے ہیں۔
اندرون شہر سمیت دیگر بڑے بازاروں اور شاپنگ مالز میں صبح سے رات گئے تک خریداروں کی بڑی تعداد خریداری کرتی نظر آ رہی ہے جبکہ ریڈی میڈ برانڈڈ کپڑوں اور جوتوں کی دکانوں پر خاصا ہجوم دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دکانداروں کے مطابق جوں جوں عیدالفطر قریب آ رہی ہے خریداری میں مزید تیزی آ رہی ہے۔ خاص طور پر بچوں کے ریڈی میڈ ملبوسات، جوتوں اور خواتین کے سوٹس کی مانگ زیادہ ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے عید کی خوشیوں کو بھی متاثر کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ریڈی میڈ برانڈڈ کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو عید کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔



