ماہ رمضان میں مہنگائی کیخلاف ضلعی انتظامیہ کی مؤثر کارروائیاں، 23 لاکھ سے زائد کے جرمانے

جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ماہ رمضان میں مہنگائی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں، جن کے نتیجے میں 23 لاکھ 57 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی نگرانی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے سخت اقدامات کیے، جن کے تحت 81 ہزار سے زائد مقامات پر قیمتوں کی چیکنگ کی گئی۔
یکم مارچ سے 28 مارچ تک 15 ہزار سے زائد دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی، جبکہ گراں فروشی میں ملوث 1000 سے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران 9 مقدمات درج کیے گئے، 51 دکانیں سیل کر دی گئیں اور مختلف خلاف ورزیوں پر 174 افراد کو گرفتار کیا گیا، جس سے مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائے گئے، جن کے نتیجے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہوا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملی۔
انہوں نے واضح کیا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو مناسب نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



