سوہاوہ، ڈومیلی اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری، گندم کی فصل کو شدید نقصان، کسان پریشان

سوہاوہ، ڈومیلی، بڑاگواہ اور گردونواح میں دوسرے روز بھی موسلادھاربارش اور ژالہ باری، بارش اور شدید ژالہ باری سے گندم کی فصل کو شدید نقصان، کسان سخت پریشان، مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ، ڈومیلی، بڑاگواہ گردونواح میں دوسرے روز بھی موسلادھاربارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سوہاوہ شہر، کوٹ دھمیک، ڈھوک امب، ڈومیلی، بڑاگواہ، مغل آباد، پھڈیال، دہرہ حیال، گتر، نگیال، ججیال، مدن، بنگیال، جنڈالہ، اڈرانہ، بھوگی چک، چکیام، کلرہ، رسولپور، پدھری، پوٹھی، تتروٹ، ککرالہ، حسنوٹ سمیت دیگر علاقوں میں شدید موسلادھار بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔
بارش کے ساتھ مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، گلیاں تالاب کا منظرپیش کرنے لگی، بارش اور ژالہ باری سے سردی پھر لوٹ آئی جبکہ گندم کی تیار اور کچھ کٹی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔
گندم کے نقصان پر کسان سخت پریشان ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ بارش کے شروع ہوتے ہی متعدد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کرگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔



