گورنر پنجاب کا جہلم کا دورہ، ضلعی انتظامیہ کی بریفنگ، پیپلز پارٹی کے کارکن آپس میں الجھ پڑے

جہلم: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ضلع جہلم کے ایک روزہ دورے پر جہلم پہنچے، جہاں ڈپٹی کمشنر میثم عباس، ڈی پی او طارق عزیز سندھو، ضلعی افسران اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
گورنر پنجاب کی آمد پر جمخانہ کلب میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ایک مختصر اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے گورنر کو خوش آمدید کہا اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
تاہم گورنر کی آمد سے قبل پیپلز پارٹی کے کارکنان آپس میں الجھ پڑے۔ ذرائع کے مطابق ضلعی صدر چوہدری تسنیم ناصر اور سٹی صدر کاشف اسلام کے درمیان جمخانہ کلب کے انٹری گیٹ پر من پسند افراد کو اندر جانے دینے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔ موقع پر موجود پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے بیچ بچاؤ کروا کر حالات کو قابو میں کیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی آمد ایک اہم موقع تھا، تاہم کارکنان کے مابین جھگڑے نے پارٹی نظم و ضبط پر سوالیہ نشان اٹھا دیا۔



