ڈپٹی کمشنر جہلم کا القاسم انسٹیٹیوٹ آف اسپیشل ایجوکیشن کا دورہ، خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے القاسم انسٹیٹیوٹ آف اسپیشل ایجوکیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خصوصی بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور فن پاروں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی سی جہلم نے بچوں کی محنت، ہنرمندی اور لگن کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ القاسم انسٹیٹیوٹ پہنچنے پر ادارے کی انتظامیہ اور اساتذہ نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور خصوصی بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی تعلیمی، فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے بچوں کے بنائے گئے فن پاروں، دستکاریوں اور دیگر تخلیقی کاموں میں گہری دلچسپی ظاہر کی، ان سے ان کے کام کے بارے میں بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ خصوصی بچے ہمارے معاشرے کا نہایت اہم حصہ ہیں اور ان کے اندر بے پناہ تخلیقی صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو تعلیم، تربیت اور اعتماد فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لا سکیں۔
انہوں نے القاسم انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت میں جس محنت، خلوص اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ایسے ادارے معاشرے میں روشنی کی مثال ہیں جو انسانیت، ہمدردی اور خدمت کے جذبے کو اجاگر کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم میں خصوصی تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ القاسم انسٹیٹیوٹ جیسے اداروں کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا تاکہ خصوصی بچے کسی بھی میدان میں پیچھے نہ رہ جائیں اور معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔



