بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا، بلال اظہر کیانی

سوہاوہ/جہلم: وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔ بھارت کی جانب سے پاکستان پر غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
ہفتہ کے روز جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بھارت ماضی میں بھی اسی طرح کے جھوٹے الزامات لگاتا رہا ہے، مگر پاکستانی دفتر خارجہ نے ہمیشہ انتہائی تدبر اور دانائی سے جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، اس لیے بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ہم کشیدگی نہیں چاہتے مگر پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ پاکستان ہر دم اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اکیلے یہ معاہدہ ختم نہیں کر سکتا۔ کوئی بھی معاہدہ فریقین کی رضامندی کے بغیر قانونی طور پر ختم کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی دفتر خارجہ نے ہمارے سفارت خانے کو جو خط دیا، اس میں سندھ طاس معاہدے کا کوئی ذکر تک موجود نہیں تھا۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑا ہے اور آبی جارحیت کے معاملے پر پاکستان عالمی فورم پر جانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ بھارت کا جھوٹا پراپیگنڈا پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے اور بھارت ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ ایسے علاقے میں ہوا جہاں ایک کشمیری پر سات بھارتی فوجی تعینات ہیں، اس قدر سخت سیکورٹی میں اس طرح کا واقعہ پیش آنا ناممکن ہے، جس سے بھارتی فالس فلیگ آپریشن کی روایت ایک بار پھر سامنے آئی ہے۔
@jhelumupdates.com جہلم: بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا، بلال اظہر کیانی #JhelumUpdates #foryou #pageforyou #Pakistan #foryoupage #fyp #latestnews #breakingnews #bilalazharkayani #pmln #viralvideo #tiktok #viral #trending #india #PakistanNews ♬ original sound – JhelumUpdates.com
وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم اور آرمی چیف نے بھی بھارت کے جارحانہ عزائم کے خلاف سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور اپنے شہریوں کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں مگر اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان پوری قوت سے جواب دے گا۔
قبل ازیں سوہاوہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ تمام ڈویژنز اور اضلاع میں چھوٹے اسٹیشنز کو اپگریڈ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ مسافروں کو کراچی، لاہور اور پشاور سمیت بڑے شہروں میں جانے کے لئے دور دراز اسٹیشنز پر نہ جانا پڑے، جس سے ریلوے کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 10 مئی کو جہلم اور سوہاوہ اسٹیشنز پر رحمان بابا اور عوامی ایکسپریس کے سٹاپس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین ماہ کے لئے ٹرائل بنیادوں پر رحمان بابا ایکسپریس جہلم جبکہ عوام ایکسپریس سوہاوہ اسٹیشن پر رکے گی۔ بلال اظہر کیانی نے اعادہ کیا کہ میرٹ کے مطابق اگر یہ اسٹیشنز آمدنی نہ دے سکے تو یہ سٹاپس ختم کردئیے جائیں گے۔



