جہلم میں منشیات فروش کو جرم ثابت ہونے پر 10 سال قید اور جرمانے کی سزا


جہلم: عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمہ نمبر 479/23، بجرم CNSA 9 (1) 3C تھانہ سول لائنز کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم حاکم علی کو 10 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔
مجرم حاکم علی کو سال 2023 میں منشیات فروشی کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جہلم پولیس نے مجرم کو جدید تفتیشی طریقہ کار کے تحت ٹریس کرکے گرفتار کیا اور اس کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا۔ مقدمے کی موثر پیروی کے بعد عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سخت سزا سنائی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے لیے ایک ناسور ہیں، جن کے خاتمے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
ڈی پی او جہلم نے کیس کی کامیاب تفتیش اور قانونی پیروی پر انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔ انہوں نے انعام کے طور پر تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔



