جہلم میں سیلاب متاثرین کیلئے مفت میڈیکل کیمپ، ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کا ڈھوک پٹھان ناڑہ میں خصوصی دورہ

جہلم کے سیلاب متاثرہ علاقے ڈھوک پٹھان ناڑہ میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے میڈیکل کیمپ لگا کر متاثرہ افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں۔
میاں محمد بخش ہسپتال، مہربانی ویلفیئر، شاپ پروجیکٹ اور تنظیم انسانی حقوق کے اشتراک سے لگائے گئے اس میڈیکل کیمپ میں درجنوں مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
سیلاب کے بعد چار دن گزر جانے کے باوجود کسی سرکاری یا فلاحی تنظیم کی طرف سے میڈیکل ٹیم یا کیمپ متاثرہ علاقے میں نہیں پہنچ سکا تھا۔ میڈیکل کیمپ میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم کی معروف گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شہزانہ امتیاز، ڈاکٹر شاہد تنویر، ڈاکٹر شہناز شاہد، ڈاکٹر فرید اللہ اور ڈاکٹر شاہزیب برگٹ سمیت دیگر ماہرین صحت نے اپنی خدمات سرانجام دیں۔
کیمپ میں سماجی کارکن سیدہ شاہدہ شاہ، کرنل (ر) عبید مرزا، فلک ناز سیٹھی، نور فاطمہ، فرزانہ اجمل چوہدری، سید اختر علی شاہ، اجمل چوہدری اور انسانی حقوق یوتھ اسمبلی کے ضلعی چیئرمین عبدالغفور چوہان بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر میاں محمد بخش ہسپتال اور فاطمہ ہسپتال کے پیرا میڈیکل سٹاف نے بھی خدمات انجام دیں۔
علاقہ مکینوں نے ڈاکٹروں اور سماجی تنظیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شدید بارشوں اور سیلاب سے یونین کونسل چوٹالہ، نکہ خلاصپور، داراپور اور جلالپور شریف کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں اور وبائی امراض کے خدشات میں اضافہ ہوا تھا۔



