ضلع جہلم میں کھیلوں کی سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: کرکٹ اسٹیڈیم کی بحالی اور تزئین و آرائش کے لیے میونسپل کمیٹی اور سماجی شخصیت محمد ارشد کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے۔
ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم صباء سحر اور سماجی شخصیت محمد ارشد نے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت کرکٹ اسٹیڈیم کو نہ صرف جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا بلکہ دیگر کھیلوں کے لیے بھی قابل استعمال بنایا جائے گا، جس سے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے اس موقع پر کہا کہ اس منصوبے سے ضلع جہلم میں کھیلوں کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر محمد ارشد نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہونے کے ناطے ان کا مشن ہے کہ ضلع جہلم کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں ترقی کے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ، فٹبال اور دیگر کھیلوں کے لیے جدید معیار کا اسٹیڈیم تیار کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے سکے۔ اس منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو جلد از جلد کھیلوں کے میدان میں بہتر سہولیات دستیاب ہوں۔



