محکمہ سوشل ویلفیئر کا اقدام؛ دینہ میں 70 معذور افراد کو امدادی آلات جلد تقسیم کئے جائیں گے

جہلم: محکمہ سوشل ویلفیئر ضلع جہلم نے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تحصیل دینہ میں 70 مستحق معذور افراد کو امدادی آلات جلد فراہم کیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جہلم خضر خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبیں کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق معذور افراد کے لیے فراہم کیے جانے والے ان امدادی آلات میں وہیل چیئرز، آلاتِ سماعت اور سفید چھڑیاں شامل ہیں، تاکہ ان افراد کی روزمرہ زندگی میں سہولت پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں اب تک 192 معذور افراد کو مختلف اقسام کے امدادی آلات تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن سے ان کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

مزید برآں ضلع جہلم میں 10 ہزار مستحق افراد کو ’ہمت کارڈ‘ جاری کرنے کا ٹارگٹ بھی مقرر کیا گیا ہے، جس کے ذریعے معذور افراد کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی سہولیات اور مراعات تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبیں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ امدادی آلات کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز اور شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستحق افراد کو ہمت کارڈ بھی جلد از جلد جاری کیے جائیں تاکہ وہ سرکاری سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button