پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے آن لائن تصدیق کا نیا نظام شروع کر دیا

18
جہلم: پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے شہری سہولت کے لیے ایک جدید آن لائن تصدیقی نظام متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے درخواست گزار اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق گھر بیٹھے با آسانی کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق اب پاسپورٹ درخواست گزار نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے فنگر پرنٹس کی تصدیق کر سکیں گے اور جہاں فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مسائل ہوں گے وہاں چہرے کی تصدیق کا متبادل آپشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
پاسپورٹس دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے آن لائن فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں اور اس نئے نظام کے بعد وہ بھی آسانی سے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ سینئر سٹیزن بھی اس جدید سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور سہولت کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن جدید اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ پاسپورٹ درخواست گزاروں کی زندگی آسان بنائی جا سکے اور فنگر پرنٹس کی تصدیق میں درپیش مسائل کا فوری حل ممکن ہو۔
پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی یہ پیش رفت شہریوں کے لیے آن لائن خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور بروقت سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔



