14 اگست عظیم قربانیوں کی یاد اور تجدید عہد کا دن ہے، عبدالرشید بٹ

جہلم: عبدالرشید بٹ نے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد اسلامی ریاست کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما عبدالرشید بٹ نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں پاک افواج نے ہمیشہ ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔
عبدالرشید بٹ نے کہا کہ آج کے پاکستان میں فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت قومی دفاع، پیشہ ورانہ نظم و ضبط، عزم اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کی علامت بن کر سامنے آئی ہے۔ ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک افواج کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیاسی، سماجی اور ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قیامِ پاکستان کی تاریخ، تحریکِ آزادی کے دوران دی جانے والی قربانیوں اور وطن کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ نوجوان نسل پاکستان کی قدر و منزلت کو سمجھتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
عبدالرشید بٹ نے پوری قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر پاکستانی متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرے گا۔



