دینہ میں بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، بھاری جرمانے، مقدمات درج

3
دینہ میں بغیر ہیلمٹ، بغیر لائسنس اور سیٹ بیلٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب وژن اور ڈی پی او جہلم کی ہدایات کے مطابق ڈی ایس پی ٹریفک کی قیادت میں انچارج ٹریفک پولیس دینہ مرزا نعمان فاروق کی نگرانی میں کی جا رہی ہیں۔
کم عمر افراد جو موٹر سائیکل چلا رہے تھے اور دیگر شہری جو قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ متعدد افراد پر ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ کئی درجن افراد کے چالان بھی کیے گئے۔
انچارج ٹریفک پولیس دینہ مرزا نعمان فاروق نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کوئی سفارش یا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے گا اور کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
مرزا نعمان فاروق نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور بغیر لائسنس کے بچوں کو موٹر سائیکل نہ دیں۔ انہوں نے شہریوں کو لازمی ہدایت کی کہ موٹر سائیکل چلانے کے دوران ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ حفاظت اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ممکن ہو سکے۔



