پنڈدادنخان کے ڈاکٹر اور ریسکیو کی مبینہ نااہلی، بروقت ایمبولینس نہ ملنے کے باعث مریضہ جاں بحق

پنڈدادنخان: قیمتی جان اداروں کی نااہلی کی بھینٹ چڑھ گئی، ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈدادنخان کے ڈاکٹر اور ریسکیو کی مبینہ نااہلی کے باعث بروقت ایمبولینس نہ ملنے کے باعث گردوں کے مرض میں تڑپتی مریضہ جان کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں گزشتہ رات تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال میں گردوں کے مرض میں مبتلا مریضہ تڑپتی رہی لیکن ڈاکٹر نے ریسکیو کو کال نہ کی، ریسکیو 1122 ہیلپ لائن پر جب مریض کے لواحقین نے رابط کیا تو جواب ملا کہ ڈاکٹر کال کرے لیکن مریضہ رات سے صبح تک تکلیف میں تڑپتی رہی۔
صبح پرائیویٹ کار میں مریضہ کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کیا گیا لیکن مریضہ ہسپتال پہنچنے کے بعد جان کی بازی ہار گئی۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت ایمبولینس مہیا کی جاتی تو علاج ممکن تھا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے صحت سہولت پروگرام کے دعوے جھوٹ ثابت ہوئے، اعلی حکام فوری نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں۔
ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان ڈاکٹر آصف کا کہنا ہے کہ ریسکیو انچارج نے رات 10 بجے کے بعد ایمبولینس سروس دینے سے منع اور لیٹر جاری کیا ہوا ہے۔
انچارج ریسکیو 1122 ضلع جہلم انجینئر سعید احمد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کال کرتا تو ایمبولینس سروس مہیا کی جانی تھی۔ مریض ضلعی ہیڈکوارٹر ریفر ہو تو ہسپتال میں موجود ڈیوٹی ڈاکٹر ریسکیو کو کال کرے گا جبکہ مریض لاہور، راولپنڈی اور سرگودھا ہسپتال ریفر ہونے کی صورت میں ہسپتال کے ایم ایس ریسکیو 1122 کو کال کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں انجمن تاجران کے صدر چوہدری زبیر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم اور سی او ہیلتھ جہلم تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان کی حالت زار اور ڈاکٹر کی نااہلی پر فوری نوٹس لیں، بصورت دیگر احتجاجی کال دی جائے گی۔



