جہلم: خصوصی افراد کی بحالی پنجاب حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: پنجاب حکومت کی جانب سے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدام کے تحت ضلع جہلم میں معذور افراد کو امدادی آلات کی فراہمی کی تقریب منعقد کی گئی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی تھے، جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ذہنی و جسمانی معذور افراد کی بحالی اور انہیں ضروری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر کے سپیشل افراد کو ایک ارب روپے کی لاگت سے امدادی آلات فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں معاشرے میں کسی قسم کی کمی کا احساس نہ ہو۔”
تقریب کا اہتمام محکمہ سوشل ویلفیئر جہلم کے زیر انتظام کیا گیا تھا، جس میں 45 معذور افراد کو وہیل چیئرز اور 20 نابینا افراد کو سفید چھڑیاں تقسیم کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "حکومت پنجاب ہر شعبہ زندگی کے افراد کے لیے فلاحی منصوبے متعارف کرا رہی ہے، بالخصوص معذور افراد کے لیے تمام ضروری سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ باوقار زندگی گزار سکیں۔”
ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ یہ تقریب پنجاب حکومت اور مقامی سماجی شخصیات کے تعاون سے منعقد کی گئی ہے، جس کا مقصد معذور افراد کو روزمرہ زندگی میں آسانی اور خودمختاری فراہم کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر میثم عباس، سماجی رہنما چوہدری فرحت کمال ضیاء اور دیگر معززین نے بچوں، خواتین اور بزرگ معذور افراد میں ویل چیئرز اور سفید چھڑیاں تقسیم کیں۔
بعد ازاں، شرکاء کے لیے خصوصی ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ امدادی سامان حاصل کرنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور مشیر صحت پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو ’’مثالی‘‘ قرار دیا۔



