28 مئی پاکستان کی خودمختاری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کا دن ہے، راجہ کامران سیاب

لندن / دینہ: پاکستان کے تاریخی یومِ تکبیر کے موقع پر مسلم لیگ (ن) بیڈ فورڈ کے صدر راجہ کامران سیاب کی جانب سے لندن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) لندن کے رہنماؤں، کارکنوں اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر "پاکستان زندہ باد” اور "میاں نواز شریف زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں یومِ تکبیر کا کیک کاٹا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ کامران سیاب نے کہا کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا سنہری دن ہے، جب سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا یہ فیصلہ پاکستان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور عوامی اعتماد کی علامت بن چکا ہے۔
اس موقع پر مقررین نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، وزیر اعظم میاں شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے جنرل عاصم منیر کو ایئر مارشل کے اعزازی عہدے پر فائز ہونے پر خصوصی مبارکباد بھی دی۔
تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ تکبیر نہ صرف پاکستان کی سیکیورٹی کی علامت ہے بلکہ یہ قومی اتحاد، استقلال اور عوامی شعور کی بھی ایک روشن مثال ہے۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور وطنِ عزیز کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کے ساتھ کیا گیا۔



