رمضان المبارک کی آمد؛ جہلم میں گراں فروشوں نے سرکاری نرخ ناموں کو پاؤ ں تلے روند ڈالا

جہلم: ضلع بھر میں رمضان المبارک کی آمدآمد ، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ، گراں فروشوں نے سرکاری نرخ ناموں کو پاؤ ں تلے روند ڈالا، اشیاء ضروریہ کے من مانے نرخ وصول کرنا شروع کر دیئے، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمدآمد ہے، جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں نے من مانیاں کرتے ہوئے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔
دکانداروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بہانہ بنا کر خود ساختہ مہنگائی کرتے ہوئے سرکاری ریٹ لسٹوں کو یکسر مسترد کر کے من مانے نرخ وصول کرنے شروع کررکھے ہیں۔ ذمہ داران افسران نے حقائق کا علم ہونے کے باوجود آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
شہری ، سماجی، فلاحی اور تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے انتظامیہ کو متحرک کیاجائے اور گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔



