سیاحت سے پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے، جنوبی کورین سفیر پارک کیجون

جہلم/ پنڈدادنخان: جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجون کی جہلم میں سکندر اعظم کی یادگارجلالپور شریف آمد، میوزیم کا دورہ، یاد گار کے قریب شجرکاری کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجون نے ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے جلال پور شریف میں سکندر یونانی (سکندر اعظم) کی یادگار کا دورہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان حلیمہ منیر نے ان کا استقبال کیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے جنوبی کورین سفیر کو سکندر اعظم کی یاد گار بارے آگاہی دی، جس کے بعد انہوں نے یادگار سے ملحقہ میوزیم کا دورہ کیا اور سکندر اعظم کی یادگار کے حوالے سے تاریخی چیزوں کا مشاہدہ کیا، جنوبی کورین سفیر نے خیر سگالی کے طور پر یاد گار کے قریب شجرکاری بھی کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ ہم جنوبی کورین سفیر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے یادگار کا دورہ کیا اور میوزیم کو دیکھا۔ یہ ضلع جہلم کا چھپا ہوا خزانہ ہے، کورین سفیر کا یہاں آنا ہمارے لئے بہت اہم ہے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہترہوں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کوفروغ ملے گا۔
جنوبی کورین سفیر پارک کیجون نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی اور میں آج یہاں پہلی دفعہ آیا ہوں، اس سے کوریا اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات کو فروغ ملے گا۔ ایسے تاریخی مقامات پر لوگوں کے آنے جانے سے سیاحت میں اضافہ ہو گا جو پاکستان کے مستقبل کو روشن بنانے میں مددگار ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



