کرپشن اور شہریوں سے بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جائےگا، ڈی پی او جہلم

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیر صدارت ڈی پی او آفس جہلم میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں ایس پی انویسٹی گیشن محمد حسیب راجہ، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز ضلع ہذا، میٹنگ میں انچارج برانچز ڈی پی او آفس بھی شریک ہوئے۔
ڈی پی او جہلم نے تھانہ جات کو SIPS ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت دیں اور کہا کہ تھانوں کی صفائی اور سروسز کے معیار پرکوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ سنگین نوعیت کے مقدمات میں سراغ رسانی ،گرفتاری ملزمان اور برآمدگی مال مسروقہ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین،بچوں اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں،ایسے کسی بھی واقعہ کے رپورٹ ہونے کی صورت میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز بروقت موقع پر پہنچیں، ایس ڈی پی اوز تفتیش کومانیٹر کرتے ہوئے تفتیش کے معیار کو بہتر بنائیں تاکہ ملزمان قرار واقعی سزایاب ہو سکیں۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے علاقہ کے کرائم ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے موثر گشت اور ناکہ بندی یقینی بنائیں، محکمانہ احتساب کے لیےخود کو تیار رکھیں، کرپشن اور شہریوں سے بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جائےگا۔ تھانہ جات/ چوکیات اور پولیس دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے ان کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔



