بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہری سرکاری نرخنامے کے نفاذ کے منتظر

جہلم شہر اور گردونواح میں بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث سرکاری نرخنامہ عملاً لاگو نہیں رہا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے مختلف علاقوں میں قصابوں نے سرکاری نرخنامے کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کے دام وصول کرنے شروع کر دیے ہیں۔
سرکاری نرخنامے کے مطابق بکرے کے گوشت کی قیمت 1600 روپے فی کلو اور گائے کے گوشت کی قیمت 800 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں دونوں اقسام کے گوشت کے دام اس سے کہیں زیادہ وصول کیے جا رہے ہیں۔
بکرے کا گوشت 2200 روپے فی کلو جبکہ گائے کا گوشت 1200 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے اور قصاب سرکاری ریٹ ماننے کو تیار نہیں ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ عام آدمی کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر گوشت دستیاب ہو سکے اور منافع خور عناصر کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔



