جہلم پولیس کا کرسمس اور یوم قائداعظم کے لیے سکیورٹی پلان جاری، 400 سے زائد اہلکار تعینات

3
جہلم: پولیس نے یوم قائداعظمؒ اور کرسمس کے موقع پر مسیحی کمیونٹی اور شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت 400 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ چرچز کے ارد گرد اور دیگر حساس مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ موثر نگرانی کے لیے روف ٹاپ ڈیوٹی بھی مقرر کی گئی ہے، جہاں تربیت یافتہ اہلکار مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ چرچ میں داخلے کے دوران شہریوں کی چیکنگ پولیس اور چرچ انتظامیہ کے تعاون سے انجام دی جائے گی۔ داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا، "مسیحی کمیونٹی کے تحفظ اور کرسمس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر سینئر پولیس افسران ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کریں گے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔”



