بغیر ثبوت کے چالان کا دور ختم ،ٹریفک پولیس کو باڈی کیمرے فراہم

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو نے ٹریفک پولیس کے نظام کو جدید اور شفاف بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ضلع بھر کے ٹریفک سٹاف کو باڈی کیمرے فراہم کر دیئے ہیں۔
یہ اقدام حکومت پنجاب کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے، جس کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کی جانے والی کارروائیوں کو مؤثر، شفاف اور ثبوت پر مبنی بنانا ہے۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو کے مطابق اب ٹریفک پولیس کی ہر کارروائی باڈی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گی اور کسی بھی شہری کا چالان بغیر ویڈیو ثبوت کے نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون شکنی کی ہر حرکت کی باقاعدہ ریکارڈنگ کی جائے گی، جس سے نہ صرف سڑکوں پر نظم و ضبط قائم ہوگا بلکہ ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی اور خلاف ورزیوں کی بروقت روک تھام ممکن بنائی جا سکے گی۔
ڈی پی او نے بتایا کہ باڈی کیمروں کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک سٹاف کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا گیا ہے، جو کہ آئی ٹی برانچ کے اشتراک سے منعقد ہوئیں۔ ان ورکشاپس کے ذریعے اہلکاروں کو جدید نظام کے تقاضوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اس ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔



