آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کی کامیابی پر حافظ عبدالکریم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے مینارِ پاکستان لاہور کے تاریخی گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس بعنوان ’’تحفظِ حرمین شریفین و استحکامِ پاکستان‘‘ کی شاندار کامیابی پر امیر مرکزیہ پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے دیگر منتظمین اور ملک بھر سے شریک ہونے والے لاکھوں فرزندانِ توحید کو بھی مبارکباد دی۔
اپنے ایک بیان میں حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ مینارِ پاکستان کا یہ عظیم الشان اجتماع نظم و ضبط، مثالی انتظامات اور عوام کی غیر معمولی شرکت کے حوالے سے ملکی مذہبی و سیاسی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب بن گیا ہے۔ ملک کے طول و عرض اور دور دراز اضلاع سے بڑے بڑے قافلوں کی صورت میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، یہاں تک کہ منتظمین کی جانب سے کیے گئے وسیع انتظامات بھی شرکاء کی بڑی تعداد کے مقابلے میں ناکافی دکھائی دیے۔ ان کے بقول اہلحدیث کے اس تاریخی عوامی اجتماع اور شاندار نظم و نسق نے ملک بھر کے عوام کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اسٹیج سے جید علمائے کرام اور مقررین نے بنیادی موضوع ’’تحفظِ حرمین شریفین اور استحکامِ پاکستان‘‘ کی اہمیت کو مدلل، مؤثر اور عام فہم انداز میں اجاگر کیا۔ اس کے علاوہ مقررین نے قرآن و سنت کی روشنی میں مسلک اہلحدیث کے عقائد اور معتدل منہج کو بھی مؤثر انداز میں پیش کیا، جو ان کے مطابق معاشرے میں فکری بالیدگی، اتحاد، یگانگت، امن اور رواداری کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
حافظ عبدالحمید عامر نے کانفرنس میں منظور کی جانے والی قراردادوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے تقدس و دفاع اور سعودی عرب کے خلاف حوثی باغیوں کی کارروائیوں اور سازشوں کی مذمت میں پیش کی جانے والی قراردادیں پوری امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور فرزندانِ توحید اس کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، ناظم اعلیٰ مرکزیہ علامہ عبدالرشید حجازی، ناظم کانفرنس مولانا سید سبطین شاہ نقوی اور پوری انتظامی ٹیم کی شبانہ روز کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں خصوصی مبارکباد دی۔
آخر میں حافظ عبدالحمید عامر نے ضلع جہلم کے عوام، نوجوانوں اور کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کی قیادت میں 22 گاڑیوں پر مشتمل ایک منظم قافلے کی صورت میں لاہور پہنچ کر کانفرنس میں شرکت کی اور اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی اجتماع کو حرمین شریفین کے تحفظ، وطنِ عزیز پاکستان کے استحکام اور غلبۂ اسلام کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔



