آئیسکو کی بغیر شیڈول اور بغیر پیشگی اطلاع بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، صارفین سراپا احتجاج

جہلم: اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) جہلم سرکل کی اربن سب ڈویژن کی جانب سے بغیر شیڈول اور بغیر پیشگی اطلاع طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
کچہری فیڈر سے منسلک علاقوں میں اتوار کی صبح تقریباً سات بجے اچانک بجلی بند کر دی گئی، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے نہ تو پیشگی اطلاع دی گئی اور نہ ہی سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے صارفین کو آگاہ کیا گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے دوران سب ڈویژن کا کمپلینٹ نمبر 0544270027 بھی مسلسل بند یا مصروف رہا، جس کے باعث صارفین اپنی شکایات درج کروانے سے بھی محروم رہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ کے باعث گنجان آباد علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی، کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ طلبہ، مریضوں اور بزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
متاثرہ صارفین نے الزام عائد کیا کہ اربن سب ڈویژن کے ذمہ دار افسران عوامی مشکلات کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور شہریوں کی شکایات سننے والا کوئی نہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور شکایتی نمبر بند رکھنا صارفین کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، آئیسکو چیف اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کروانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



