جہلم میں احترام رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری

جہلم شہر میں احترامِ رمضان آرڈیننس کی کھلے عام خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم متعدد ہوٹلوں اور دکانوں پر دن بھر کھانے پینے کی اشیاء، چائے، مشروبات، سموسے اور پکوڑے کھلے عام فروخت کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف ہوٹلوں میں صبح سے شام تک چائے اور مشروبات کی سپلائی بلا تعطل جاری رہتی ہے جبکہ دوپہر کے بعد سموسے، پکوڑے، دہی بھلے اور دیگر اشیائے خورونوش کی کھلے عام فروخت شروع کر دی جاتی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں رمضان المبارک کے دوران روزہ خوروں کے لیے بازار سے کھانے پینے کی اشیاء حاصل کرنا نہایت مشکل ہوتا تھا اور اگر کوئی چیز استعمال بھی کی جاتی تو وہ چھپ کر یا ریلوے اسٹیشن جیسے مقامات تک محدود ہوتی تھی، تاہم اب صورتحال یہ ہے کہ روزہ خور سرِعام کھاتے پیتے نظر آتے ہیں۔

شہریوں نے اس صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احترامِ رمضان آرڈیننس کی مسلسل پامالی نہ صرف مذہبی اقدار کے منافی ہے بلکہ قانون کی عملداری پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے فوری نوٹس لینے اور احترامِ رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل مالکان اور دکانداروں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو رمضان المبارک کے تقدس کو شدید نقصان پہنچے گا، اس لیے ضروری ہے کہ ضلعی انتظامیہ عملی اقدامات کرتے ہوئے احترامِ رمضان کو ہر صورت یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button